• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزارت مذہبی امور کی عازمین حج 2026 کے لیے دوسری تربیتی نشست کا انعقاد

اسلام آباد( نیوز رپورٹر ) وفاقی وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی کے زیر اہتمام حاجی کیمپ اسلام آباد میں عازمین حج 2026کے لیے دوسرے مرحلے کی تربیتی نشست کا انعقاد کیا گیا ۔ اس تربیتی پروگرام کا بنیادی مقصد عازمین کو سفرِ حج کے دوران پیش آنے والے مراحل، ضروری احتیاطی تدابیر، اور مناسکِ حج و عمرہ کے فرائض و واجبات سے متعلق جامع آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ ڈپٹی ڈائریکٹر وزارت مذہبی مور عمر بٹ نے انتظامی امور ، روانگی اور مکہ مدینہ میں رہائش اور باقی امور جبکہ ٹرینر تنویر اصغر نے حج عمرہ کے طریقہ کار، فرائض ، واجب کے حوالے سے شرکاء کو تربیت فراہم کی۔ڈائریکٹر حج کمپلیکس اسلام آباد قاضی سمیع الرحمان، ڈپٹی ڈائریکٹر حکیم خان خٹک اور دیگر حکام بھی موجود ہیں۔ تربیتی نشست میں سفرِ حج کے حوالے سے عازمین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اپنی جسمانی استعداد بڑھانے کے لیے روزانہ ورزش اور 2 سے 3 کلومیٹر پیدل چلنے کی مشق کریں ۔عازمین حج کو بتایا گیا کہ لازمی سفری دستاویزات میں اصل پاسپورٹ، کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ، ہوائی ٹکٹ، ویزہ کی نقول اور ویکسینیشن کارڈ (گردن توڑ بخار، فلو اور پولیو) ساتھ رکھیں۔عازمین کو تاکید کی گئی کہ وہ ممنوعہ اشیاء مثلاً ہر قسم کی منشیات، نسوار، سگریٹ اور غیر مصدقہ ادویات ساتھ لے جانے سے مکمل گریز کریں ۔ وزارت نے عازمین کے لیے حج 2026 کے لئے "پاک حج ایپ" کا استعمال لازمی قرار دیا ہے، جس کے ذریعے وہ اپنی فلائٹ، رہائش، گروپ اور دیگر تربیتی معلومات حاصل کر سکتے ہیں ۔
اہم خبریں سے مزید