• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد، شادی کا گھر ماتم میں تبدیل، سلنڈر دھماکا، دلہا دلہن سمیت 8 جاں بحق

اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار، نیوز رپورٹر ) وفاقی دارالحکومت کے سیکٹر جی سیون ٹو میں شادی کا گھر ماتم میں تبدیل ہو گیا ، گیس سلنڈر کے دھماکے میں دلہا، دلہن سمیت 8 افراد جاں بحق اور 11 زخمی ہوگئے ،دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی ، دھماکے سے 3 گھروں کی چھتیں گر گئیں جبکہ دو ملحقہ گھروں کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئیں ،وزیر اعظم کی ہدایت پر وفاقی ہسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ، زخمیوں کو علاج کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کا حکم دے دیا گیا ، ایک زخمی برن سنٹر منتقل کر دیا گیا ، واقعے کی تحقیقات کاحکم ، صدر ،وزیراعظم ،وزیر داخلہ، چیئرمین سینیٹ ، سپیکر قومی اسمبلی اوروزیر پارلیمانی امور کا اظہار افسوس ، اطلاع ملتے ہی پولیس ، ریسکیو ٹیمیں اور فائر بریگیڈ موقع پر پہنچ گئے اور متاثرین کو ملبے سے نکال کر پمز اور ڈی اے ہسپتال منتقل کیا ، وزیر اعظم اور وزیر داخلہ نے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیدیا،علاوہ ازیں صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف، وزیرداخلہ محسن نقوی، چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی،سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور وفاقی وزیر پارلیمانی امور کا طارق فضل چوہدری نے گیس سلنڈر دھماکے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ،ریسکیو 15 پر اطلاع دینے والے کے مطابق دھماکا صبح سوا سات بجے ہوا ، سی ڈی اے سینی ٹیشن کے وائیرلیس آپریٹر حنیف کے بیٹے کی شادی تھی، بارات رات دو بجے واپس آئی ،جاں بحق افراد میں شیری حنیف ، مہک حورا مسیح ، سمائل مسیح ، نعیم مسیح ،وسیم مسیح ،بشری بی بی اور عنائیہ شامل ہیں ، زخمیوں میں صائمہ ، عامر ، مختارہ بی بی ،کاشف، فرزانہ نعیم ، زوجہ وسیم، سلمی ،مریم دختر وسیم ، عنائیہ دختر سنیل، شومیت دختر حینف مسیح شامل جبکہ اعجاز ولد سعید مسیح کو برن سنٹر منتقل کر دیا گیا ہے جس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے ،حادثے کی اطلاع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف موقع پر پہنچے اور ریسکیو آپریشن پر بریفنگ دی بتایا 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے ،دو زخمیوں کی اموات سی ڈی اے ہسپتال میں ہوئی ہیں ، ملبے تلے سے مجموعی طور پر 19 افراد کو ریسکیو آپریشن کے بعد نکالا گیا، 19 میں سے 11 افراد زخمی جبکہ 8 افراد جاں بحق ہوگئے، دھماکے کی وجوہات جاننے کیلئے تحقیقات جاری ہیں، دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا یا گیس لیکج تھا تعین کیا جا رہا ہے، چیئرمین سی ڈی اے چوہدری محمد علی نے بھی متاثرہ 66 کوارٹرز کا دورہ کیا اور متاثرین سے تعزیت کا اظہار کیا ۔ آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کا پمز ہسپتال کا دورہ کیا اور گیس دھماکہ کے زخموں کی عیادت کی۔ادھر حنیف مسیح کے خاندان کے افراد کو اتوار کی رات ایچ ایٹ قبرستان میں سپردِ خاک کر دیا گیا ، نماز جنازہ میں کرسچین کمیونٹی نے کثیر تعداد میں شرکت کی ، دھماکے میں جاں بحق دو افراد نعیم اور وسیم کی تدفین آج پیر کو ہو گی ۔
اہم خبریں سے مزید