• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

زیادہ صوبوں کیلئے تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے، وزیر مواصلات

کامونکے/گوجرانوالہ (اے پی پی)وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک کے دیرینہ مسائل کا حل انتظامی اصلاحات اور نئے صوبوں کے قیام میں ہے۔ زیادہ صوبوں کیلئے تحریک چلانے کا فیصلہ کیا ہے۔ کامونکے کو موٹر وے سے منسلک اور جی ٹی روڈ کو 6 رویہ کیا جائے گا اور وہ عوامی خدمت کے اس سفر میں خود بھی بار بار کامونکے آتے رہیں گے۔ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے کہا کہ استحکام پاکستان پارٹی کی اولین ترجیح ملک و قوم کی خدمت اور عوامی مسائل کا حل ہے۔ رانا نذیر احمد خاں نے ہمیشہ اپنے حلقے اور علاقے کے عوام کے مسائل بھرپور انداز میں اجاگر کئے، جس کی بدولت آج کامونکے کے لئے بڑے ترقیاتی منصوبوں کا اعلان ممکن ہوا۔انہوں نے صوبوں کی تعداد بڑھانے کے حوالے سے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ زیادہ صوبوں کے لئے تحریک چلائی جائے، اس معاملے پر ایم کیو ایم نے بھی ہماری حمایت کی ہے۔
اہم خبریں سے مزید