کراچی (ٹی وی رپورٹ) ماہر بین الاقوامی امور ، تہران محمد حسین باقری نے کہا کہ ایرانی عوام کو جتنا بھی غصہ ہو وہ مساجد نہیں جلاتے ، آج ایک سو پچاس ایمبولینسز کو جلایا گیا ہے پچاس مسجدوں کو نذر آتش کیا گیا ہے ۔ سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی شازیہ مری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کو ایڈونچر چاہئے تھا جو نہیں ملا۔ معاون خصوصی وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا برائے اطلاعات شفیع جان نے کہا کہیہ لوگ بوکھلاہٹ کا شکار ہیں ہم جہاں گئے وہاں ہزاروں لوگ نکلے۔ وہ جیو نیوز پر شاہزیب خانزادہ سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام ’’آج شاہزیب خانزادہ کیساتھ‘‘ کے آغاز میں میزبان شاہزیب خانزادہ نے کہا کہ ایران میں احتجاجی مظاہرے تیسرے ہفتے میں داخل ہوچکے ہیں۔ ایک امریکی رپورٹ کے مطابق کم سے کم چار سو نوے مظاہرین اور 48 سیکیورٹی اہلکار مارے جاچکے ہیں اور دس ہزار سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ ٹرمپ انتظامیہ نے ایران میں انٹرنیٹ رابطے کو مضبوط بنانے کے لئے اسٹار لینک جیسی ٹیکنالوجی فراہم کرنے کے امکانات کا بھی جائزہ لیا ہے تاکہ مظاہرین انفارمیشن بلیک آؤٹ سے بچ سکیں۔