نئی دہلی (جنگ نیوز) بھارت کے سپراسٹار بیٹر ویرات کوہلی نے کہا ہے کہ نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ون ڈے میچ کے دوران سچن ٹنڈولکر کے ریکارڈز سے متعلق بالکل نہیں سوچ رہا تھا، نظر ریکارڈز پر نہیں بلکہ صرف اپنی پرفارمنس پر ہوتی ہے۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا پوری ایمانداری سے بتاؤں تو میں اس وقت کسی بھی ریکارڈ کے بارے میں نہیں سوچ رہا تھا، میں خود کو خوش نصیب سمجھتا ہوں اور خدا کا شکر ادا کرتا ہوں۔ کرکٹ کے سفر کو خواب کی تعبیر سمجھتا اور فخر محسوس کرتا ہوں کہ کھیل کے ذریعے لوگوں کو خوشیاں دے رہا ہوں ۔ کوہلی نے انکشاف کیا ہے کہ اپنی تمام ٹرافیز اپنی والدہ کو بھجوادی ہیں۔ انہیں ٹرافیاں سنبھال کر رکھنا بہت پسند ہے۔ واضح رہے کہ ویرات کوہلی بین الاقوامی کرکٹ کے تمام فارمیٹس میں تیز ترین 28 ہزار رنز بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔