fلاہور(خالدمحمودخالد) بھارت اور کینیڈا میں کم ہونے والی کشیدگی میں ایک بار پھر اضافہ ہوگیا ہے جب کینیڈا کی قومی پولیس فورس رائل کینیڈین ماؤنٹڈ پولیس نے ایک خفیہ رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ کینیڈا میں دہشت گرد قرار دی جانے والی تنظیم کالعدم لارنس بیشنوی گینگ کینیڈا میں جرائم کی سرگرمیاں بھارتی حکومت کی ایما پر انجام دے رہا ہے اور اب بھی ملک میں اپنی سرگرمیوں کا دائرہ کار وسیع کر رہا ہے۔ کینیڈا کے گلوبل نیوز کے مطابق رپورٹ میں لارنس بیشنوی گینگ کا کم از کم چھ مرتبہ بھارتی حکومت سے رابطہ کرنے کا ذکر ہے۔ رپورٹ کے مطابق بیشنوی کرائم گروپ ایک پرتشدد مجرمانہ تنظیم ہے جس کی موجودگی کینیڈا سمیت کئی ممالک میں فعال ہے اور اپنا دائرہ کار مسلسل پھیلا رہی ہے۔