• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ملیر ندی پر زیرِ تعمیر پل مئی تک مکمل کیا جائے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے محکمہ منصوبہ بندی و ترقی کو ملیر ندی پر زیرِ تعمیر پل کا منصوبہ مئی تک مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے، علاوہ ازیں مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین سے ملاقات میں ای او بی آئی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف صوبوں کو منتقل کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ کی ہدایت پر انجینئر اورنگزیب وسٹرو (ریجنل مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن آفیسر) اور انجینئر عمران میمن کی قیادت میں مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے ملیر ندی پر نیشنل ہائی وے فائیو (مرغی خانہ) کراچی میں 3 ارب 6 کروڑ 66 لاکھ 90 ہزار روپےکی لاگت سے زیرِ تعمیر پل کا معائنہ کیا اور تعمیراتی کام کی رفتار اور معیار دونوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقی نجم شاہ اور ڈائریکٹر جنرل منصوبہ بندی و ترقی الطاف ساریو نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کی پیش رفت 65 فیصد تک پہنچ چکی ہے جبکہ مالی اخراجات 61.6 فیصد ہیں۔ وزیراعلیٰ نے منصوبہ بندی و ترقی محکمہ کو ہدایت کی کہ منصوبہ جون 2026 سے قبل مکمل کیا جائے۔ موجودہ مرحلے پر مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن سیل کی ٹیم نے کام کی رفتار کو تسلی بخش قرار دیا۔وزیراعلیٰ نے ترقیاتی کاموں کے معیار پر کسی بھی قسم کے سمجھوتے کو مسترد کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام تعمیراتی معیار کی سختی سے پابندی کی جائے اور عوامی مفاد میں بروقت تکمیل کو یقینی بنایا جائے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایات پر کے الیکٹرک کو بھی یوٹیلیٹی منتقلی کے عمل میں تیزی لانے کے لئے احکامات جاری کر دیئے گئے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہدایت کی کہ ریمپس کے لئے بجری اور ایگریگیٹ بیس کا مناسب ذخیرہ بلا تاخیر یقینی بنایا جائے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے وفاقی وزیر سمندر پار پاکستانی چوہدری سالک حسین نے ملاقات کی اور ای او بی آئی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف صوبوں کو منتقل کرنے پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیر اعلیٰ ہاوس سندھ سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات میں صوبائی وزیر محنت سعید غنی، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ بھی موجود تھے جبکہ وفاقی وفد میں وفاقی سیکرٹری برائے سمندر پار پاکستانی ندیم اسلم چوہدری، آصف جمال، طارق حسن اور عمر مشتاق شامل تھے۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ ای او بی آئی اور ڈبلیو ڈبلیو ایف کو صوبوں کے حوالے کرنے سے محنت کشوں کو نمایاں فوائد حاصل ہوں گے اور خدمات کی فراہمی بہتر بنائی جا سکے گی۔وزیراعلیٰ نے اس بات پر زور دیا کہ محنت کشوں کے حقوق کا تحفظ وفاق اور صوبوں کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین نے یقین دہانی کرائی کہ تمام مسائل باہمی مشاورت اور اتفاقِ رائے سے حل کئے جائیں گے۔ملاقات میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ وفاقی حکومت اور حکومتِ سندھ کے درمیان مشاورت کا عمل جاری رکھا جائے گا۔
اہم خبریں سے مزید