• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا اسمبلی، ادویات کے کمپیوٹرائزڈ نسخوں کیلئے توجہ دلاؤ نوٹس جمع

پشاور(سٹاف رپورٹر)خیبرپختونخوا اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے پارلیمانی لیڈر احمد کنڈی اور رکن صوبائی اسمبلی مہر سلطانہ نے ایک مشترکہ توجہ دلاؤ نوٹس صوبائی اسمبلی میں جمع کراتے ہوئے صوبائی وزیرِ صحت کی توجہ مفادِ عامہ کے ایک نہایت اہم اور سنگین مسئلے کی جانب مبذول کرائی ہے۔مشترکہ توجہ دلاؤ نوٹس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ اس وقت ایسا کوئی مؤثر قانون یا ضابطہ موجود نہیں جو ڈاکٹرز کو ادویات تجویز کرتے وقت برانڈ نام کے بجائے دواؤں کا عام نام (جنیرک نیم) تحریر کرنے کا پابند بنائے۔ اسی طرح کمپیوٹرائزڈ نسخہ جات کو بھی لازمی قرار نہیں دیا گیا، جس کے باعث اکثر ہاتھ سے لکھے گئے نسخے ناقابلِ فہم ہوتے ہیں اور مریضوں کو غلط ادویات کے استعمال، غیر ضروری اخراجات اور شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔توجہ دلاؤ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ یہ صورتحال عوامی صحت کے لیے تشویش ناک ہے اور اس کے تدارک کیلئے فوری قانون سازی ناگزیر ہے۔ دونوں اراکین اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ صوبائی حکومت ڈاکٹرز کو جنیرک نام تحریر کرنے اور کمپیوٹرائزڈ نسخہ جات جاری کرنے کا پابند بنانے کیلئے مناسب قانون یا ضابطہ متعارف کرائے اور اس حوالے سے معزز ایوان کو واضح اور جامع لائحہ عمل سے آگاہ کرے۔
پشاور سے مزید