پشاور (خصوصی نامہ نگار) دنیا بھر کی طرح خیبر پختونخوا میں بھی عالمی یوم شہری دفاع قومی جذبے کے ساتھ منایا گیا۔ سول ڈیفنس پاکستان کے زیر اہتمام خیبر پختونخوا کے تمام 36 اضلاع میں خصوصی تقریبات، آگاہی مہم اور عملی مشقوں کا انعقاد کیا گیا۔ ضلع نوشہرہ میں بھی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈائریکٹر سول ڈیفنس خیبر پختونخوا زاہد عثمان کاکاخیل کی قیادت میں سول ڈیفنس افسران، رضاکاروں اور علاقے کے عمائدین نے شرکت کی۔ سول ڈیفنس کے کردار اور خصوصاً جنگی صورتحال میں شہری دفاع کی تیاریوں کو نمایاں طور پر اجاگر کیا گیا۔مقررین نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر سول ڈیفنس کی ذمہ داریاں پہلے سے کہیں زیادہ اہم ہو چکی ہیں۔ جنگی حالات میں سول ڈیفنس کا بنیادی مقصد شہری آبادی کو محفوظ بنانا، ہنگامی حالات میں فوری امداد فراہم کرنا اور دشمن کے ممکنہ حملوں کے دوران عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہے۔ اس مقصد کیلئے سول ڈیفنس خیبر پختونخوا کے اہلکار اور رضاکار باقاعدہ تربیتی پروگراموں اور عملی مشقوں کے ذریعے خود کو ہر وقت تیار رکھتے ہیں۔ صوبہ بھر میں منعقدہ تقریبات کے دوران ایمرجنسی رسپانس، شہریوں کے انخلاء، ابتدائی طبی امداد، آگ بجھانے اور ہنگامی حالات میں عوامی تحفظ سے متعلق عملی اقدامات کے مظاہرے بھی پیش کئے گئے۔ ان سرگرمیوں کا مقصد کسی جنگی یا ہنگامی صورتحال کی صورت میں سول ڈیفنس کے رضاکار اور عملے کو فوری طور پر عوام کی مدد اور رہنمائی کرنا تھا۔مقررین نے اس بات پر زور دیا کہ سول ڈیفنس صرف جنگی حالات تک محدود نہیں بلکہ امن کے دوران بھی قدرتی آفات، آتشزدگی، حادثات اور دیگر ہنگامی صورتحال میں عوام کی مدد کے لئے ہمہ وقت سرگرم عمل رہتا ہے۔ سول ڈیفنس خیبر پختونخوا کے رضاکار مختلف تربیتی پروگراموں کے ذریعے نہ صرف اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہے ہیں بلکہ عوام میں بھی حفاظتی شعور پیدا کر رہے ہیں۔ تقریبات میں ملکی سلامتی، امن و استحکام اور عوام کی حفاظت کے لئے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ سول ڈیفنس خیبر پختونخوا ہر قسم کی جنگی یا ہنگامی صورتحال میں عوام کے تحفظ کے لئے اپنی خدمات اسی جذبے کے ساتھ جاری رکھے گا۔