• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں 100 سے زائد بچوں سے جنسی زیادتی میں ملوث 2 ملزم گرفتار، بچوں سے زیادتی ناقابل قبول، پولیس سزا دلوانے کیلئے بھرپور اقدامات کرے، وزیراعلیٰ سندھ

کراچی(اسٹاف رپورٹر) کراچی پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے 100 سے زائد بچوں سے جنسی زیادتی میں ملوث 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا، ایس ایس پی انوسٹی گیشن محمد عثمان سدوزئی نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم عمران اور وقاص خان شامل ہے، پولیس کو 2020 سے 2025 تک 7 شکایات رپورٹ ہوئی تھی، درج شدہ تمام مقدمات میں ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا، ملزم بچوں کو موٹرسائیکل کا لالچ دیکر ساتھ لے جاتا اور ملیرندی کے قریب زیادتی کا نشانہ بناتا، متاثرہ بچوں نے ملزم کو شناخت کرلیا، عمران منظور کالونی کا رہائشی اور پنکچر کا کام کرتا ہے، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے معاملے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ بچوں سے زیادتی ناقابل قبول ہے، پولیس ملزمان کو سزا دلوانے کیلئے بھرپور اقدامات کرے، شہر میں کسی درندے کیلئے کوئی جگہ نہیں، آئی جی سندھ اورایڈیشنل آئی جی کراچی نے تفتیشی ٹیم کو مبارک باد دیتے ہوئے نقد انعام اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا۔کراچی میں ایسٹ انویسٹی گیشن ون نے رواں سال کی سب سے بڑی کارروائی کرتے ہوئے معصوم بچوں کو مبینہ زیادتی کا نشانہ بنانے والے 2جنسی درندوں کو پولیس گرفتار کرلیا۔ ایس پی انویسٹی گیشن عثمان سدوزئی نے دعویٰ کیا کہ ملزم نے 100 سے زائد بچوں سے زیادتی کی، گرفتار ملزمان میں مرکزی ملزم عمران اور وقاص خان شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ ٹیم نے متاثرہ بچے کی نشاندہی پر ٹیپو سلطان کے علاقے میں کارروائی کی، کراچی پولیس کو2020سے 2025تک 7شکایات رپورٹ ہوئی تھیں۔عثمان سدوزئی نے بتایا کہ مختلف اضلاع کے کیسز میں ڈی این اے ایک ہی شخص کا ملا تھا اور 6 سال سے الگ کیسز میں ایک ہی ڈی این اے ملنے پر تفتیش ہوئی، تمام کیسز میں 12 سے 13 سال کے لڑکوں کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ انہوںنے کہاکہ ایک کیس میں بچے سے دو سے زائد افراد نے زیادتی کی، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے 6 جنوری کو ٹیم تشکیل دی تھی، یہ ٹیم ڈی آئی جی سی آئی اے مقدس حیدر کی سربراہی میں بنائی گئی تھی۔ عثمان سدوزئی کا بتانا کہ ٹیم نے 11روز کے اندر مطلوب ترین ملزمان کو گرفتار کیا، ملزم عمران منظور کالونی کا رہائشی ہے جو پنکچر کا ٹھیا لگاتا ہے، گرفتار مرکزی ملزم عمران نے 6 سال میں درجنوں بچوں سے زیادتی کا اعتراف کیا۔انہوںنے کہاکہ عمران نے تمام بچوں کو ملیر ندی کے قریب لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنایا، عمران موٹرسائیکل کا بچوں کو لالچ دے کر ساتھ لے جاتا تھا، درج شدہ تمام 7 مقدمات میں ملزم کا ڈی این اے میچ کر گیا، 3 کیسز میں بچوں نے ملزم عمران کو شناخت بھی کرلیا ہے۔ایس پی انویسٹی گیشن عثمان سدوزئی نے کہا کہ ایک کیس میں بچے نے عمران اور ساتھی وقاص خان کو بھی پہچانا، ملزم ایک بچے کو وقاص کے ساتھ سرجانی بھی لے گیا تھا، بچے نے شور مچایا تو دونوں ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔

اہم خبریں سے مزید