• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹی 20 ورلڈ کپ، بنگلہ دیش کا بھارت جانے سے انکار، آئی سی سی وفد راضی کرنے میں ناکام

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بنگلہ دیشی کر کٹ ٹیم کی بھارت میں شرکت کے حوالے ؤسے آئی سی سی کا وفد بنگلہ دیشی کر کٹ بورڈ کے حکام کو راضی کرنے میں ناکام رہا،بنگلادیش نے آئی سی سی پر واضح کردیا ہے کہ بھارت میں ورلڈکپ نہیں کھیلیں گے، حکومتی ہدایات کے باعث بھارت نہیں جاسکتے،دونوں ملکوں کے درمیان کشیدہ تعلقات پر بنگلہ دیش نے آئی سی سی وفد میں شامل بھارتی رکن گورو سکسینا کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کردیا پھر آمادگی ظاہر کی، تاہم وہ اجلاس کے لئے بنگلہ دیش نہیں پہنچ سکے اور وڈیو لنک پر شریک ہوئے،ہفتے کو ڈھاکا میں عالمی تنظیم کے وفد سے ملاقات میں بنگلہ دیش بورڈ کے حکام نے واضح جواب د یا ہے کہ بھارت میں نہیں کھیل سکتے، وہاں سیکیورٹی کا معاملہ ہے،بنگلادیش کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ فیصلہ آئی سی سی پر چھوڑتے ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ لاجسٹک معاملات کو دیکھتے ہوئے بنگلا دیش کو کسی دوسرےگروپ میں منتقل کرنےکے امکان پر بھی بات ہوئی، آئی سی سی وفد میں جنرل منیجر ایونٹس اینڈکارپوریٹ کمیونیکیشنز گوروو سکسینہ اور جنرل منیجر انٹیگریٹی یونٹ اینڈریو ایفرگریو شامل تھے، آئی سی سی بنگلادیش کے میچوں سے متعلق حتمی فیصلہ چند دن میں کرے گی،بی سی بی کے مطابق آئی سی سی وفد کے ساتھ بنگلا دیشی حکومت کی ہدایات اور سکیورٹی خدشات کو بھی شیئرکیا گیا۔اعلامیے کے مطابق تمام گفتگو تعمیری ، خوشگوار اور پیشہ ورانہ ماحول میں ہوئی، فریقین نے متعلقہ امور پر کھل کر تبادلہ خیال کیا۔ بنگلہ دیش بورڈ کے مطابق بی سی بی اور آئی سی سی نے معاملے پر مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی بنگلادیشی فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کو آئی پی ایل سے نکالنے پر پیدا ہوئی۔