پشاور(کرائمرپورٹر)پشاور کے علاقے سربند میں آئس نشہ کے عادی شوہر نے بیوی کوباپ کے سامنے فائرنگ کرکے قتل کردیااور فرار ہوگیا۔ تھانہ سربند پولیس کورپورٹ درج کراتے ہوئے واسط خان ولد ارسلا جان ساکن سربند عیسیٰ زئی نے بتایاکہ اس کی 30سالہ بیٹی مسماۃ (س) کی شادی وجاہت اللہ ساکن سربند کے ساتھ تقریبا 3یا 4سال قبل ہوئی تھی۔ وہ اپنی بیٹی کے گھر واقع سربند انان خیل آیا ہوا تھا جہاں اس کے داماد وجاہت اللہ نے فائرنگ کردی جس سے اس کی بیٹی گولی لگنے سے جاں بحق ہوگئی۔انہوں نے پولیس کو بتایاکہ وجہ عناد آئس کا نشہ ہے اور اس کا داماد نشے کا عادی تھا۔وہ اسے علاج کیلئے منشیات بحالی مرکزمیں بھی داخل کراچکے ہیں لیکن اس کے باوجود اس نے نشہ نہیں چھوڑا اوروہ اسے منع کرتے تھے۔ واردات کے بعد ملزم فرار ہوگیا، پولیس نے مقتولہ کی نعش پوسٹمارٹم رپورٹ کیلئے منتقل کرکے جائے وقوعہ سے اہم شواہداکٹھی کرلی ہیں جبکہ ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے ۔