اسلام آباد (اسرار خان) پاکستان اور برطانیہ نے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے پر ایک ایسے وقت میں اتفاق کیا ہے، جب اسلام آباد اقتصادی اصلاحات کو آگے بڑھا رہا ہے اور تیل، گیس اور کان کنی کے شعبوں میں نئی غیر ملکی سرمایہ کاری کا خواہاں ہے۔ یہ ہم آہنگی وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک اور برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ کے درمیان ملاقات کے دوران پیدا ہوئی، جنہوں نے کہا کہ پاکستان میں ’’بہت زیادہ صلاحیت‘‘ موجود ہے اور ملک جاری اقتصادی اصلاحات کے ذریعے درست سمت میں گامزن ہے۔ دونوں فریقین نے تیل و گیس کی تلاش اور معدنیات کے شعبے میں موجود مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔