کراچی(رفیق مانگٹ)ٹرمپ کے فائز رہنے کی اہلیت ،امریکہ میں بھی سوالات اٹھ گئے، کانگریس ارکان کا مواخذےاور 25ویں ترمیم کے تحت عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ، سلامتی خطرے میں، 25ویں ترمیم نافذ کی جائے، قانون ساز، مواخذہ مؤثر راستہ، ماہرین، آئینی ترمیم کے تحت ہٹایا جائے، ڈیموکریٹس،حملہ تباہ کن ہوگا،ری پبلکن رکن کانگریس ۔ تفصیلات کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے گرین لینڈ کو ہر قیمت پر امریکہ میں شامل کرنے کے تازہ بیانات، یورپی اتحادیوں کو ٹیرف کی دھمکیاں، فوجی طاقت کے استعمال کے اشارے اور سوشل میڈیا پر سخت موقف نے نہ صرف عالمی سطح پر غم و غصہ پیدا کیا بلکہ خود امریکہ میں بھی ان کے عہدے پر فائز رہنے کی اہلیت پر سوالات اٹھا دیئے ہیں۔ٹائم میگزین کے مطابق اسی تناظر میں کانگریس کے بعض اراکین نے مواخذے کے ساتھ ساتھ امریکی آئین کی 25ویں ترمیم کے تحت ٹرمپ کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے، جس کا مقصد کسی نااہل صدر کی صورت میں اقتدار کی منظم منتقلی کو یقینی بنانا ہے۔