کراچی (نیوز ڈیسک) صدر ٹرمپ کا ’بورڈ آف پیس‘ کون شامل، کون باہر اور کیوں؟ الجزیرہ کے مطابق پاکستان، مصر، امارات، اسرائیل، مراکش و چند دیگر ممالک شمولیت پر آمادہ، فرانس، ڈنمارک، ناروے اور سویڈن کا انکار، غزہ کی تعمیرِ نو کے نام پر نیا عالمی فورم، مگر یو این کو نظرانداز کرنیکا خدشہ، چارٹر میں غزہ کا ذکر تک نہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پیش کیا گیا ’بورڈ آف پیس‘ عالمی سطح پر شدید بحث کا باعث بن گیا ہے، جسے وہ غزہ کی تعمیرِ نو اور بعد از جنگ نظم و نسق کے لیے ایک نیا فریم ورک قرار دے رہے ہیں، تاہم اس کے 11 صفحات پر مشتمل چارٹر میں غزہ کا براہِ راست ذکر تک موجود نہیں۔ ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر اس بورڈ کی دستخطی تقریب متوقع ہے۔