کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت این آئی سی وی ڈی کا 84ویں گورننگ باڈی اجلاس میں کئی اہم اور تاریخی فیصلے، ایک فل ٹائم چیف آپریٹنگ آفیسر اور چیف فنانشل آفیسر کی بھرتی کی منظوری ، این آئی سی وی ڈی کے بزنس ماڈل کا جائزہ لے کر اصلاحات تجویز کرنے کے لئے سیکریٹری خزانہ کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کو وزیر اعلیٰ سندھ نےاین آئی سی وی ڈی کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ادارے کے مستقبل کے تحفظ اور جان بچانے والی خدمات کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لئے کئی اہم اور تاریخی فیصلے کئے۔ ان فیصلوں میں قانونی معاملات کی بحالی، بجٹ میں اضافہ اور انفرااسٹرکچر کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ تمام قانونی ابہامات کو دور کیا جائے ۔ ادارے کے انتظامی امور کو مزید پیشہ ورانہ بنانے کے لئے گورننگ باڈی نے اصولی طور پر ایک فل ٹائم چیف آپریٹنگ آفیسر (سی او او) اور چیف فنانشل آفیسر (سی ایف او) کی بھرتی کی منظوری دی، جو اوپن مارکیٹ میں مسابقتی عمل کے ذریعے کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ صحت کو ہدایت کی کہ بھرتی کے عمل سے قبل قواعد و ضوابط طے کئے جائیں۔