لاہور( آصف محمود بٹ)فوجداری اپیلوں کا عمل تیز اور مؤثر بنانے کیلئے دو اہم قانونی ترامیم تجویز۔موجودہ قانون کے تحت کسی بھی فوجداری مقدمے میں اپیل دائر کیلئے حکومت سے باقاعدہ اجازت لینا ضروری ۔ اب یہ اختیار سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کو دیا جائیگاجو اپیل دائر کرنیکی اجازت دے سکیں گے۔ پنجاب حکومت نے فوجداری مقدمات میں اپیلوں کے عمل کو تیز اور مؤثر بنانے کے لیے دو اہم قانونی ترامیم تجویز کی ہیں، جنہیں منظوری کے لیے پنجاب اسمبلی میں پیش کر دیا گیا ہے۔ ان ترامیم کے تحت فوجداری مقدمات میں اپیل دائر کرنے کی اجازت دینے کا اختیار صوبائی حکومت کے بجائے سیکرٹری پبلک پراسیکیوشن ڈیپارٹمنٹ کو دینے کی تجویز ہے، تاکہ فیصلے بروقت ہو سکیں اور غیر ضروری تاخیر سے بچا جا سکے۔پہلا بل پنجاب کریمنل پراسیکیوشن سروس (تشکیل، فرائض اور اختیارات) (ترمیمی) ایکٹ 2025 کے نام سے پیش کیا گیا ہے جس کے ذریعے پنجاب کریمنل پراسیکیوشن سروس ایکٹ 2006 کی دفعہ 13 کی ذیلی دفعہ (6) کی شق (ii) میں ترمیم کی جا رہی ہے۔