اسلام آباد(طاہر خلیل)سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے چین کے چیئرمین برائے عوامی سیاسی مشاورتی کانفرنس (سی پی پی سی سی) وانگ ہوننگ سے ملاقات کی ۔ بدھ کو قومی اسمبلی سیکرٹریٹ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں دو طرفہ تعلقات سمیت اہم علاقائی و عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میںسپیکر قومی اسمبلی اور چیئرمین سی پی پی سی سی نے پاک-چین سٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ۔ا س موقع پرسپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان کی جانب سے ون چائنا پالیسی اور صدر شی جن پنگ کے عالمی اقدامات کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا ۔ملاقات میں فریقین نے سی پیک، بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے اور تجارتی تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔سپیکر سردار ایاز صادق نے پاکستان میں پاک-چین مشترکہ مفادات، منصوبوں اور چینی شہریوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا جبکہ چیئرمین سی پی پی سی سی وانگ ہوننگ نے پاک-چین 75 سالہ دوستی کی مناسبت کے حوالے سے پاک-چین دوستی کے فروغ کے عزم کا اعادہ کیا۔فریقین نے پاک-چین سفارتی تعلقات کی 75 ویں سالگرہ کے موقع پر عملی تعاون مزید بڑھانے کے عزم پر اتفاق کیا۔