کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) ڈکیتی مزاحمت اور فائرنگ کے دیگر واقع میں ایک شخص جاں بحق اور 3 زخمی ہوگئے، تفصیلات کے مطابق خواجہ اجمیر نگری تھانے کی حدود نارتھ میں موٹر سائیکل پر سوار دو نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 25 سالہ محمد عسکری ولد امجد جاں بحق، 35 سالہ امجد ولد اجمل زخمی ہو گیا ،دونوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا ،پولیس نے بتایا کہ ابتدائی طور پر واقعہ ڈکیتی مزاحمت کا معلوم ہوا ہے،مقتول گلشن اقبال میں واقع اپنے دفتر سے موٹر سائیکل پر اپنے گھر خواجہ اجمیر نگری کی طرف آرہاتھا کہ اس کا تعاقب کرنے والے ملزمان نے روکا اور لوٹ مار کی کوشش کی،مزاحمت پر فائرنگ کردی اور فرار ہوگئے ، فائرنگ کی زد میں آکر ایک راہ گیر زخمی ہوا جو قریبی ہوٹل پر بیٹھا ہوا تھا،مقتول گرافک ڈیزائنر تھا،ایس ایچ او سب انسپکٹر اخلاق کا کا دعویٰ ہے کہ ملزمان مقتول سے کوئی سامان لے کر نہیں گئے، اس کا پرس، موبائل فون اور موٹر سائیکل وہیں موجود تھی،دریں اثنا مبینہ ٹاون تھانہ کی حدود یونیورسٹی روڈ اسپتال کے قریب فائرنگ کے واقعہ میں دو افراد 35 سالہ محمد زاہد ولد خان محمد اور 20 سالہ میر محمد ولد الٰہی بخش زخمی ہوگئے،پولیس نے بتایا کہ ابتدائی تفتیش میں واقعہ نامعلوم سمت سے آنے والی گولیاں لگنے سے پیش آیا ہے ۔