کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلا می کراچی منعم ظفر خان نے نائب امیر کراچی و اپوزیشن لیڈر کے ایم سی سیف الدین ایڈوکیٹ کے ہمراہ جمعرات کوادارہ نورحق میں سانحہ گل پلازہ و دیگر شہری امور کے حوالے سے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ سانحہ گل پلازہ نے بلاول بھٹو کے نام نہاد سندھ وژن کو جلا کر راکھ کر دیا ہے۔ پیپلز پارٹی گزشتہ 17 برس سے سندھ پر مسلط ہے مگر سندھ حکومت کے تحت تمام ادارے ناکامی کی منہ بولتی تصویر بن چکے ہیں،سندھ حکومت کراچی کے لیے سیکیورٹی رسک بن چکی ہے،سانحہ گل پلازہ کو کئی دن گزرنے کے باوجود اب تک تمام لاشیں نہیں نکالی جا سکیں، ساڑھے تین کروڑ آبادی والے شہر کے لیے صرف 60فائر ٹینڈر، 10فائر باؤزر اور6اسنارکل موجود ہیں، جبکہ قابض میئر مرتضیٰ وہاب کا کراچی سے عدم دلچسپی کا عالم یہ ہے کہ وہ 23 گھنٹے بعد موقع پر پہنچے۔