کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی گیٹ وے ٹرمینل کی نئی فیڈر سروس سے پاک،یو اے ای شپنگ رابطے مضبوط ہوگئے ،کراچی کا فجیرہ اور خورفکان سے براہ راست کنٹینر شپنگ کا رابطہ،عالمی نیٹ ورک تک آسان رسائی حاصل ہوگئی۔ چیئر مین کے پی ٹی ریئر ایڈمرل (ر) شاہد احمدکے مطابق فیڈر سروس سے علاقائی مراکز کے ساتھ رابطے مزید بہتر ہونگے۔کراچی گیٹ وے ٹرمینل (پرائیویٹ)لمیٹڈ (کے جی ٹی ایل)نے اعلان کیا ہے کہ اسے ایک خصوصی فیڈر سروس کی سہولت حاصل ہوگی جو کراچی کو متحدہ عرب امارات کی بندرگاہوں فجیرہ اور خورفکان سے منسلک کرے گی۔ اس اقدام سے خطے میں بدلتی ہوئی شپنگ صورتحال کے تناظر میں پاکستان کی تجارتی برادری کیلئے سمندری رابطوں کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔یہ نئی سروس کراچی اور خطے کے دو اہم ٹرانس شپمنٹ مراکز کے درمیان باقاعدہ بحری رابطہ قائم کرے گی، جس کے ذریعے پاکستانی درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو عالمی کنٹینر شپنگ نیٹ ورکس تک قابل اعتماد رسائی برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔یہ سروس کراچی گیٹ وے ٹرمینل (پرائیویٹ)لمیٹڈ ( جی ٹی ایل)پر آپریٹ کرے گی جوایڈ پورٹس گروپ کی ذیلی بین الاقوامی پورٹس آپریٹنگ نوآتم پورٹس کا حصہ ہے۔