اسلام آباد (خبر نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس سید علی بخاری کی معطلی کے نوٹیفکیشن کے خلاف حکم امتناع جاری کرتے ہوئے انہیں عہدے پر بحال کر دیا۔ عدالت نے فریقین کو درخواست کے فیصلے تک پٹیشنر کے خلاف کوئی کارروائی کرنے سے روکتے ہوئے دو ہفتوں میں جواب طلب کر لیا ہے۔ پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کے ڈپٹی ڈائریکٹر فنانس سید علی بخاری کو عہدے سے معطل کرنے کے نوٹیفکیشن کے خلاف دائر درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محمد آصف نے کی۔ دوران سماعت درخواست گزار کے وکیل نے موقف اپنایا کہ میرے موکل کو 19 جنوری 2026 کو چار ماہ کے لئے عہدے سے معطل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری ہوا۔ درخواست گزار کے خلاف وفاقی محتسب میں کوئی انکوائری یا کارروائی نہیں ہو رہی۔ سیکرٹری وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی نے ذاتی عناد کی بنیاد پر یہ نوٹیفکیشن جاری کیا ۔