کراچی (رفیق مانگٹ)امریکی ٹیرف کے بعدبھارت کو یورپ سے بھی دھچکا، بھارت یورپی یونین کی ڈیوٹی رعایتوں سے محروم، برآمدات کو بڑا نقصان،یورپی یونین کی بھارت کو درآمدی ڈیوٹی رعایتیں یکم جنوری سے معطل۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ٹیرف کے دباؤ کا سامنا کرنے والے بھارتی برآمدکنندگان کو نئے سال کے آغاز پر ایک اور بڑا دھچکا لگا ہے، کیونکہ یورپی یونین نے جنرلائزڈ سسٹم آف پریفرنسز (جی ایس پی) کے تحت بھارت کو دی جانے والی درآمدی ڈیوٹی رعایتیں یکم جنوری سے معطل کر دی ہیں، جس سے بھارت کی یورپی یونین کو ہونے والی بیشتر برآمدات متاثر ہو گئی ہیں۔یورپی یونین نے جی ایس پی کے تحت بھارت کو حاصل درآمدی ٹیرف رعایتیں اندازاً 87 فیصد بھارتی برآمدات پر مکمل طور پر معطل کر دی ہیں، جو یکم جنوری 2026 سے نافذ العمل ہیں۔ یہ فیصلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب بھارتی برآمدکنندگان پہلے ہی امریکی ٹیرف سے مشکلات کا شکار ہیں۔