• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سول سروسز اکیڈمی، کامن ٹریننگ پروگرام، پہلی بار ورچوئل پری فیز متعارف

لاہور(آصف محمود بٹ ) سول سروسز اکیڈمی میں کامن ٹریننگ پروگرام کا آغاز، پہلی بار ورچوئل پری فیز متعارف۔نئے سول سرونٹس کیلئے جدید ہائبرڈ تربیتی ماڈل میں پہلے 2ماہ آن لائن ، 4 ماہ سی ایس اے میں ٹریننگ ہوگی۔ڈی جی سی ایس اے نے کہاکہ سول سروس پیشہ نہیں آئین، ریاستی اداروں اور عوام کیساتھ زندگی بھر کی ذمہ داری کا نام ہے۔ پاکستان سول سروسز اکیڈمی نے 54ویں کامن ٹریننگ پروگرام (سی ٹی پی) کا باضابطہ آغاز کر دیا ہے۔ سی ایس اے کی تاریخ میں پاکستان کی اعلی ترین سول سروس کے لئے اپنی نوعیت کا یہ پہلا ٹریننگ پروگرام ہے جس میں پہلی مرتبہ پری سی ٹی پی ورچوئل فیز متعارف کرایا گیا ہے۔ یہ اقدام پاکستان میں سول سروس کی تربیت کے نظام میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔ٹریینگ پروگرام کے آغاز پر ایک پُر وقار تقریب منعقد ہوئی،جس کا آغاز قومی ترانے کے بعد تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر پاکستان کے مستقبل کے سول سرونٹس کی پری سروس تربیت کا باضابطہ آغاز کیا گیا۔ سی ایس اے کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ کامن ٹریننگ پروگرام کو منظم ورچوئل مرحلے کے ذریعے شروع کیا گیا ہے، جس کے بعد لاہور کے والٹن کیمپس میں آن کیمپس رہائشی تربیت دی جائے گی۔ یہ اقدام اکیڈمی کی جانب سے بدلتے ہوئے حکمرانی کے تقاضوں کے مطابق خود کو ہم آہنگ رکھنے اور جدید تربیتی طریقوں کو اپنانے کی عکاسی کرتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر کامن ٹریننگ پروگرام ڈاکٹر سید شبیر زیدی نے کہا کہ پری سی ٹی پی ورچوئل فیز کا مقصد پروبیشنری افسران کے درمیان مشترکہ فکری بنیاد قائم کرنا، آئینِ پاکستان سے گہری آگاہی فراہم کرنا اور انہیں رہائشی مرحلے میں عملی اور تجرباتی سیکھنے کے لیے بہتر طور پر تیار کرنا ہے۔
اہم خبریں سے مزید