پشاور (صباح نیوز، جنگ نیوز)خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی نے خدشے کا اظہار کیا ہے کہ ان کا نام نو مئی کے مقدمات میں ڈالنے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر لکھا کہ ’پہلے میرے بطور وزیراعلیٰ انتخاب میں روڑے اٹکانے کی کوشش کی گئی، پھر منشیات اور اسمگلنگ کے جھوٹے الزامات لگانے کی کوشش کی، پھر دہشتگردوں سے جوڑنے کی کوشش کی، اس کے بعد میرے آبائی علاقے کی عوام کو زبردستی انخلا پر مجبور کیا گیا تاکہ مجھے سیاسی طور پر نقصان پہنچائے۔گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ سہیل آفریدی آئینی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام رہے،صوبائی حکومت ہر معاملے کو سیاست کی نذر کر رہی ہے،اپوزیشن لیڈر کے پی عباد اللہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ 100دن میں صرف 10 دن دفتر آئے،صوبہ بدترین انتظامی بحران کا شکار ہے۔ دریں اثناء گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے قائمقام صدر پاکستان سید یوسف رضا گیلانی سے انکی رہائشگاہ اسلام آباد میں بدھ کے روز ملاقات کی، ملاقات میں خیبرپختونخوا میں امن و امان، گڈ گورننس سمیت صوبہ کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نےکہا ہے کہ ’9 مئی کے کسی کیس میں میرا نام تک نہیں لیکن اب جب کہ باقی سارے وار خالی گئے ہیں تو 9 مئی کے کیسز میں میرا نام ڈلوانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔‘ وزیر اعلیٰ نے دعوی کیا کہ ’پوری قوم کو یہ بات پتہ ہے کہ جس نے سی سی ٹی وی فوٹیج چرائی، اسی نے 9 مئی کرایا- لہٰذا میرے یا تحریک انصاف کے خلاف اتنی محنت اور سازشیں کرنے کی بجائے ان لوگوں کو پاکستانی قوم کے اصل نمائندے عمران خان کے ساتھ بیٹھ کر بات کر لینی چاہییے تاکہ ان کے اپنے پیدا کردہ بحرانوں اور مسائل سے پاکستان آگے بڑھ سکے اور یہاں دیرپا امن قائم ہو۔گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وادی تیراہ متاثرین کا مسئلہ سیاسی نعرہ بازی نہیں بلکہ فوری حل کا متقاضی ہے۔اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا ڈاکٹر عباداللّٰہ خان کے ہمراہ گورنر خیبر پختونخوا نے دورہ خیبر کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ہر معاملے کو سیاست کی نذر کر رہی ہے، ایپکس کمیٹی اجلاس کے لیے بارہا کہا مگر کوئی پیشرفت نہیں ہوئی۔فیصل کریم کنڈی نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی آئینی ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام ہیں۔اس موقع پر ڈاکٹر عباداللّٰہ خان کا کہنا تھا کہ 100 دن میں وزیراعلیٰ صرف 10 دن دفتر آئے۔ صوبہ بدترین انتظامی بحران کا شکار ہے۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے 90 فیصد علاقوں میں عوام خود کو غیر محفوظ سمجھتے ہیں، امن و امان اور تیراہ متاثرین کے لیے فوری ایپکس کمیٹی اجلاس بلایا جائے۔