• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیرِ توانائی کی مداخلت، نیٹ میٹرنگ صارفین کو دوبارہ یونٹس کا کریڈٹ ملنا شروع

اسلام آباد ( خالد مصطفیٰ )وفاقی وزیر برائے پاور ڈویژن سردار اویس احمد خان لغاری نے نیٹ میٹرنگ صارفین کو بجلی کے یونٹس کا کریڈٹ نہ ملنے کے معاملے پر مداخلت کرتے ہوئے تنازع کو حل کر دیا ہے۔ وزیرِ توانائی کی ہدایت پر پاور پرچیز اینڈ مینجمنٹ کمپنی (PPMC) کی وہ ہدایات فوری طور پر نظرثانی کے بعد تبدیل کر دی گئیں، جن کے باعث متعدد صارفین کو قومی گرڈ کو فراہم کی گئی بجلی کا معاوضہ نہیں مل رہا تھا۔وزیر کی مداخلت کے بعد متنازعہ احکامات میں ترمیم کی گئی، جس کے نتیجے میں متاثرہ نیٹ میٹرنگ صارفین کے لیے بجلی کے یونٹس کا کریڈٹ بحال کر دیا گیا ہے۔یہ مسئلہ اس وقت سامنے آیا جب کئی نیٹ میٹرنگ صارفین، بالخصوص وہ جن کے سولر سسٹمز منظور شدہ ڈسٹری بیوٹڈ جنریشن (DG) کیپسٹی سے زیادہ تھے، نے شکایت کی کہ گزشتہ بلنگ سائیکل کے دوران قومی گرڈ کو فراہم کی گئی بجلی کے بدلے انہیں کوئی یونٹس کریڈٹ نہیں کیے گئے۔پاور ڈویژن نے حکومت کا مؤقف واضح کرتے ہوئے کہا کہ صارفین کو مکمل کریڈٹ سے محروم کرنا پالیسی کے خلاف ہے۔
اہم خبریں سے مزید