کراچی(اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کہا ہے کہ میگا سٹی ہونے کے باوجود کراچی کو مسلسل نظر انداز کیا جارہا ہے، اختیارات نچلی سطح تک منتقل کئے جانے تک کراچی کے مسائل جوں کے توں رہیں گے۔تفصیلات کے مطابق حق پرست ارکان سندھ اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کے معاشی مرکز کراچی میں بنیادی شہری سہولتوں کی بگڑتی صورتحال ایک سنگین انتظامی بحران کی شکل اختیار کر چکی ہے، ٹوٹی پھوٹی سڑکیں ناکارہ سیوریج نظام پینے کے صاف پانی کی شدید قلت بجلی و گیس کی غیر یقینی فراہمی اور پبلک ٹرانسپورٹ کا فرسودہ ڈھانچہ معمولاتِ زندگی کو مفلوج کئےہوئے ہے، شہر کی موجودہ ابتر حالت محض انتظامی ناکامی نہیں بلکہ دہائیوں پر محیط وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور اختیارات کی مرکزیت کا نتیجہ ہے۔