کراچی ( اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ اور چیئرمین نیب کا سرکاری زمین پر فراڈ کیخلاف مشترکہ جدوجہد کا عزم، قومی احتساب بیورو کی بازیاب کرائی گئی زمین کے بہتر تصرف کیلئے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کی سربراہی میں ٹاسک فورس کے قیام کا فیصلہ۔ ٹاسک فورس میں بورڈ آف ریونیو، وزیراعلیٰ سیکریٹریٹ اور قومی احتساب بیورو کے سینئر افسران شامل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اور چیئرمین قومی احتساب بیورو (نیب) لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نذیر احمد نے سندھ میں سرکاری زمین پر ہونے والے فراڈ کے خلاف مشترکہ جدوجہد کے عزم کا اعادہ کیا۔اس سلسلے میں بدھ کو وزیراعلیٰ ہاؤس میں اجلاس ہوا۔اجلاس میں قومی احتساب بیورو نے صوبے بھر سے بازیاب کرائی گئی سرکاری جائیدادیں حکومتِ سندھ کے حوالے کیں۔ چیئرمین قومی احتساب بیورو نے سرکاری زمین کی بازیابی سے متعلق تفصیلی پیش رفت رپورٹ پیش کی۔وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے عوامی اثاثوں کے تحفظ کے لئے قومی احتساب بیورو کی پیشہ ورانہ کاوشوں پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھربوں روپے مالیت کی زمین کی واپسی سندھ کے عوام کے لئے ایک اہم سنگِ میل ہے۔