اسلام آباد (مہتاب حیدر)پاکستان کے ٹیکسٹائل شعبے نے اپنی بقا کے لیے حکومت کو SOS (سیو آور سول) کی کال دیتے ہوئے بجلی، گیس اور ٹیکسوں کی لاگت میں فوری کمی کا مطالبہ کیا ہے، تاکہ برآمدی منڈی میں مسابقت اور کاروباری عمل داری کو برقرار رکھا جا سکے۔اپٹما کے نمائندوں کی وزیر خزانہ اور وزیرتوانائی سے ملاقات، حکومت نے جانب سے مسلسل رابطے اور تعاون کی یقین دہانی کرادی، ٹیکسٹائل صنعت کا مؤقف ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے معاشی سرگرمیوں کی بحالی کے لیے مختلف کمیٹیاں تو قائم کی گئیں، تاہم تاحال نہ ان کی سفارشات حتمی شکل اختیار کر سکیں اور نہ ہی وزیرِ خزانہ نے آئی ایم ایف سے باضابطہ مذاکرات کا آغاز کیا، جس کے باعث کاروباری برادری اور بالخصوص ٹیکسٹائل صنعت میں شدید بے چینی اور مایوسی پائی جا رہی ہے۔