کراچی( نصر اقبال،اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان نے سندھ حکومت کی کراچی اور شہری سندھ دشمنی کے خلاف اپنی مشاورت خاصی حدتک مکمل کرلی ہے، ایم کیو ایم کے مرکز پر اہم رہنمائوں نے اپنے ا جلاس میں سندھ حکومت کو ٹف ٹائم دینے پر زور دیا اور کہا کہ زبانی جمع خرچ کے بجائے اب احتجاج کا راستہ اختیار کرنا ہوگا، اجلاس میں کچھ رہنمائوں نے آن لائن شرکت کی، اجلاس میں طویل مشاورت کے بعد فیصلہ کیا گیا ہے کہ سندھ حکومت کے ساتھ بات چیت کا کوئی فائدہ نہیں، کئی ارکان نے وفاقی حکومت کے کراچی کے حوالے سے رویہ کو تنقید کا نشانہ بنایا،ذرائع کے مطابق پارٹی کے کار کنان اور منتخب نمائندوں کو بھی سانحہ گل پلازہ،ٹریفک حادثات، کھلے ہوئے میں ہالز، ٹوٹی سڑکوں پر سخت موقف اختیار کرنے کے لئے عوامی دبائو ہے، ایم کیو ایم سندھ حکومت کے خلاف پہلے مرحلے کراچی سمیت شہری علاقوں میں احتجاجی بینرز آویزاں کرے گی، دوسرے مرحلے میں شہر کے مختلف علاقوں میںاحتجاجی ریلیاں نکالی جائے گی۔