پشاور(جنگ نیوز) چیف جسٹس آف پاکستان جناب یحییٰ آفریدی اور چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے شروع کردہ Access to Justice Development Fund (AJDF پروگرام کے تحت محمد ریاض ، ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج باجوڑ نے باجوڑ بار ایسوسی ایشن میں جدید ای-لائبریری (E-Library) کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ جس کا مقصد بارز اور عدالتی اداروں کو جدید تحقیق، ڈیجیٹل سہولیات اور ٹیکنالوجی کو مضبوط بنانا ہے۔باجوڑ بار میں ای-لائبریری کا قیام اسی وژن کی ایک اہم کڑی ہے، جس کے تحت بار کو جدید کمپیوٹرز، پرنٹرز، سکینرز، ایل ای ڈی، اسٹیشنری اور واٹر ڈسپنسر فراہم کیے گئے ہیں، تاکہ وکلاء، سائلین اور طلبہ کو تحقیق و مطالعہ کے لیے معیاری، جدید اور آرام دہ ماحول میسر آسکے۔ ای-لائبریری کے ذریعے وکلاء کو آن لائن قانونی ڈیٹا بیس، جرنلز، عدالتی فیصلوں اور جدید قانونی مواد تک فوری رسائی حاصل ہوگی، جو نہ صرف تحقیق کے معیار میں اضافہ کرے گی بلکہ قانونی خدمات کی رفتار اور مؤثر پذیری بھی بڑھے گی۔اس موقع پر باجوڑ بار ایسوسی ایشن کی کابینہ نے چیف جسٹس آف پاکستان جناب یحیٰی آفریدی کی اس اہم پروگرام کے آغاز پر خصوصی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ AJDF پروگرام نے بارز میں تحقیق اور ڈیجیٹل سہولیات کے فروغ میں بنیادی کردار ادا کیا ہے۔