پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مرکزی رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ ہمارے کچھ دوست پارٹی ممبران کوشش کررہے ہیں کہ کسی کی بانی پی ٹی آئی سے ملاقات ہوجائے۔
راولپنڈی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ میں یہ نہیں کہہ سکتا کہ کون بات چیت کررہا ہے، ہم چاہتے ہیں بانی پی ٹی آئی کے ذاتی معالجین کو ملاقات کی اجازت دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عاصم اور ڈاکٹرخرم مرزا اڈیالہ جیل آرہے ہیں، ڈاکٹرز کو اگر ملاقات کرادی گئی تو یہ قابل اطمینان بات ہوگی۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ کوئی خوشخبری نہیں دے سکتا، ملاقات نہیں ہوئی تو ہم بیٹھے رہیں گے، ڈاکٹرز کی ملاقات کرائی گئی تو بات آگے بڑھ سکتی ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے مزید کہا کہ انسانیت کا تقاضہ ہے ڈاکٹرز کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے دیا جائے۔