کراچی( اسٹاف رپورٹر )ٹریفک حادثات میں پولیس اہلکار سمیت 5 افراد جاں بحق ، پولیس اہلکار سمیت 3 زخمی ہو گئے،تفصیلات کے مطابق نیٹی جیٹی پل پر واٹر ٹینکر کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار پولیس اہلکار سمیت دو افراد 28سالہ گلفام ولد سلامت علی اور 30سالہ عامر ولد شریف جاں بحق ہو گئے،متوفی گلفام گارڈن تھانے میں تعینات، دونوں جاں بحق افراد لیاری میں ایک ہی محلہ کے رہائشی تھے ،پولیس نے واٹرٹینکر کو تحویل میں لے کرڈرائیور جمعہ خان کو گرفتار کرلیا،سائٹ سپرہائی وے صنعتی ایریا ناردرن بائی پاس پل کے قریب نامعلوم گاڑی کی ٹکر دو راہگیر جاں بحق ہوگئے ، ایک کی شناخت 26سالہ ریحان ولد خلیل جبکہ دوسرے شخص کی شناخت نہیں کی جا سکی، عمر 40برس کے قریب بتائی جاتی ہے، کورنگی انڈسٹریل ایریاگودام چورنگی نجی فیکٹری کے قریب نامعلوم گاڑی کی موٹر سائیکل کوٹکر سے 30سالہ محمد اویس ولد ذوالفقار جاں بحق ، 30سالہ شریف ولد سعید زخمی ہوگیا ، راشد منہاس روڈ جوہر موڑ کے قریب کار کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار شدید زخمی ہوگیا، گاڑی میں موجود مرد اور خاتوں حادثے کے بعد گاڑی سے اتر کر فرار ہوگئے ، گاڑی کسی کے نام پر رجسٹرڈ نہیں ہے ،کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود چمڑہ چورنگی پر ٹریفک حادثے میں45 سالہ پولیس انسپکٹر پیر محمد ولد خیر محمد زخمی ہو گیا، علاوہ ازیں کورنگی چمڑا چورنگی کے قریب کمپنی میں کام کے دوران چھت سے گر کر مزدور 35 سالہ شاہد مسیح ولد رحمت مسیح جاں بحق ہو گیا۔