کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) کورنگی کراسنگ بھٹائی کالونی میں واقع گھر سے 19 سالہ عمر فاروق ولد محمد ندیم کی پھندا لگی لاش ملی،پولیس کے مطابق متوفی کے اہلخانہ نے ابتدائی بیان میں بتایا ہے کہ واقعہ کے وقت وہ گھر میں موجود نہیں تھے، متوفی نے مبینہ طور پر پھندا لگاکر خود کشی کی ہے،بزرٹا لائن میں گھر سے 3 0 سالہ فلک ناز زوجہ محمد طاہر ایک خاتون کی پھندا لگی لاش ملی ،پولیس کے مطابق متوفیہ کی لاش رکشا کے ذریعے اس کا شوہر اسپتال لے کر آیا، ابتدائی طور پر معلوم ہوا ہے کہ متوفیہ نے پھندا لگا کر مبینہ خودکشی کی ہے،دریں اثنا ڈیفنس فیز 8 ذوالفقار کمرشل کے قریب خالی پلاٹ سے سیکورٹی گارڈ 4 2 سالہ بخت علی کی لاش ملی، پولیس کے مطابق فوری طور پر متوفی کی وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا ہے، سرجانی ٹائون میر خان گوٹھ کچی آبادی سے 55سالہ محمد برہان ،کلفٹن کے علاقے سے 70سالہ نامعلوم شخص ،صدر روبی پلازہ کے قریب فٹ پاتھ سے 70سالہ نامعلوم شخص ، بلدیہ یوسف گوٹھ کے قریب سے 60سالہ نامعلوم شخص کی لاشیں ملیں ، شناخت نہیں ہو سکی ہے، پولیس نے لاشیں سردخانے منتقل کر دیں۔