کراچی (اسٹاف رپورٹر) میئر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے ضلع وسطی کے علاقے عزیز آباد میں 68 کروڑ 76 لاکھ سے زائد لاگت سے کے ڈی اے کے تعاون سے لال قلعہ پارک سمیت پانچ پارکس کا افتتاح کردیا، افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میئر کراچی نے کہا کہ ان پارکس میں لال قلعہ پارک، چھوٹا پارک، مور پارک، عزیز میونسپل پارک اور دیگر پارک شامل ہیں، مجموعی طور پر پونے پانچ ایکڑ پر محیط ان پارکس کی تزئین و آرائش مکمل کر کے عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے،یہ تمام پارکس پہلے خالی اور تباہ حالی کا شکار تھے، کراچی میں عوامی پارکس کی بحالی ان کے وژن کا اہم حصہ جبکہ عزیز آباد کے پارکس کی بہتری شہر کو سرسبز بنانے کے عزم کی عملی مثال ہے،عوام کو صحت مند اور تفریحی ماحول فراہم کرنا بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ترجیحات میں شامل ہے، میئر کراچی نے کہا کہ سانحات کی آڑ میں سیاست کرنا درست نہیں، الزام تراشی آسان ہے لیکن اصل ضرورت کارکردگی دکھانے کی ہے، گل پلازہ کی زمین کے ایم سی کی ملکیت تھی جو 1884ء میں 99 سال کے لیے ایک ٹرام کمپنی کو لیز پر دی گئی، بعد ازاں مختلف ادوار میں یہ زمین فروخت ہوتی رہی جبکہ 1991ء تک لیز کی تجدید نہیں کی گئی، انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی جا رہی ہیں کہ اس دوران بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کی خاموشی اور فائر سیفٹی انتظامات کی صورتحال کیا تھی،میئر کراچی نے کراچی پورے پاکستان کا واحد شہر ہے جس میں ہر سیاسی جماعت کا اسٹیک ہے، اس لیے سب کو مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنا ہوگا، انہوں نے کہا کہ کیا اسٹیل مل، پی آئی اے اور ریلوے وفاق کے ماتحت ہیں ان کی حالت سب کے سامنے ہے۔