لاہور(خصوصی نمائندہ)پرنسپل امیر الدین میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر فاروق افضل نے لاہور جنرل ہسپتال کو انسانی جان کے تحفظ اور دکھی انسانیت کی بلا امتیاز خدمت کی ایک روشن مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ہسپتال اپنے قیام سے آج تک لاکھوں مریضوں کے لیے امید اور شفا کا مرکز رہا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہسپتال کے 67 سال مکمل ہونے پر منعقدہ ایک خصوصی تقریب کے دوران کیا، جس میں ایم ایس پروفیسر ڈاکٹر فریاد حسین، سینئر فیکلٹی، ڈاکٹرز اور نرسنگ انتظامیہ نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کا آغاز ایل جی ایچ کی مثالی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرنے سے ہوا، جبکہ اس تاریخی سفر کی یاد میں کیک بھی کاٹا گیا۔ پروفیسر فاروق افضل نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی صحت دوست پالیسیوں کے تحت ہسپتال میں جدید طبی آلات کی فراہمی اور علاج کے معیار میں بہتری پر خصوصی توجہ دی جا رہی۔