لاہور(خبرنگار) صوبائی وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا ہے کہ لاہور میں سکھ خاندانوں کی تعداد میں نمایاں اضافہ ہو رہا ہے اور اس وقت شہر میں 100 سے زائد سکھ خاندان رہائش پذیر ہیں، جس کے پیش نظر لاہور میں گرمکھی اسکول کے قیام کی اشد ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ مجوزہ گرمکھی اسکول کو ایک کمیونٹی سینٹر کے طور پر قائم کیا جائے گار رمیش سنگھ اروڑہ کی زیرِ صدارت سکھ میرج ایکٹ اور گرمکھی اسکول سے متعلق ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی وزیر نے سکھ میرج ایکٹ کے تحت شادی کے رجسٹرز ایک ہفتے کے اندر جاری کرنے کی واضح ہدایات دیں اور تمام متعلقہ قانونی و انتظامی مراحل کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے احکامات جاری کیے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ اور فلاح و بہبود کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت اقلیتوں کو مساوی حقوق اور سہولیات کی فراہمی پر یقین رکھتی ہے، جس کے مثبت اثرات بین المذاہب اور سماجی ہم آہنگی کی صورت میں سامنے آ رہے ہیں۔