کراچی(آئی این پی) سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والی ڈاکٹر عائشہ، ان کے شوہر اور بچے سمیت 7 افراد کی نمازِ جنازہ ادا کردی گئی،تفصیلات کے مطابق سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے مزید افراد کی شناخت کے بعد میتیں ورثا کے حوالے کرنے کا سلسلہ جاری ہے،ایدھی سرد خانے سے مزید 27 میتیں شناخت کے بعد ورثا کے حوالے کر دی گئیں، جس کے بعد واقعے میں اب تک 69 افراد کی شناخت مکمل ہو چکی ہے،ڈاکٹر عائشہ، ان کے شوہر اور بچے کی نمازِ جنازہ شادمان ٹائون جبکہ چار افراد کی نمازِ جنازہ عثمان آباد کے محمد گرائونڈ،بلوچ کالونی میں حافظ انس عمران کی نمازِ جنازہ ادا کی گئی ، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر،پاکستان سنی تحریک کے سربراہ شاداب رضا نقشبندی ، فنکشنل لیگ کے سیکریٹری جنرل سردار عبدالرحیم اور سنی تحریک کے مرکزی کوآرڈی نیٹر طیب حسین قادری نے شرکت کی ،رہنمائوں نے سانحہ گل پلازہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داروں کے خلاف شفاف تحقیقات اور متاثرہ خاندانوں کو فوری انصاف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا، دریں اثنا انتظامیہ کا کہنا تھا کہ سانحہ گل پلازہ میں اب بھی تین افراد لاپتا ہیں جن کی شناخت کا عمل جاری ہے۔