کراچی (اسٹاف رپورٹر) جماعت اسلامی کے تحت اہل کراچی کی جان ومال کے تحفظ، جینے کے حق اور مسائل کے حل کے لیے یکم فروری کو شارع فیصل پر 3بجے دن منعقد ہونے والے عظیم الشان اور تاریخی ”جینے دو کراچی مارچ“ کی تیاریاں اور انتظامات تیزی سے جاری ہیں، کراچی کے تاجروں نے بھی مارچ کی مکمل اور شرکت کا اعلان کیا ہے جبکہ شہر بھر میں جمعہ کے روز سینکڑوں مساجد کے باہر اور اہم پبلک مقامات پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے، ہزاروں کی تعداد میں ہینڈ بلز تقسیم کیے گئے اور شہریوں کو مارچ میں شرکت کی دعوت دی گئی، امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن خصوصی خطاب کریں گے، امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے”جینے دوکراچی مارچ و عوامی رابطہ مہم“ کے سلسلے میں ضلع شرقی کا دورہ کرکے متعدد مقامات پر عوامی اجتماعات و کارنر میٹنگوں سے خطاب کیا، سانحہ گل پلازہ میں شہید حافظ انس عمران کی بلوچ کالونی میں نماز جنازہ میں شرکت کی اور ادارہ نور حق میں ”جینے دو کراچی تاجر کنونشن“سے بھی خصوصی خطاب کیا، تاجر کنونشن کی قرار داد میں مطالبہ کیا گیا کہ کمشنر کی سربراہی میں انکوائری کمیٹی کی رپورٹ قبول نہیں ، کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہا کہ عوامی جدو جہد اور مزاحمت کے ذریعے ہی حکمرانوں سے جینے کا حق حاصل کیا جا سکتا ہے، اہل کراچی کو اپنے حقوق اور مسائل کے حل کے لیے اُٹھنا ہوگا، جماعت اسلامی اہل کراچی کے ساتھ ہے،اہل کراچی یکم فروری کو شاہراہ فیصل پر بڑی تعداد میں جمع ہوکر حکمرانوں کے خلاف اپنا احتجا ج ریکارڈ کروائیں،انہوں نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ پر وزیر اعلیٰ سندھ اور سابق میئر کو استعفیٰ دے دینا چاہیئے،کمشنر کی سربراہی میں بنائی گئی انکوائری کمیٹی کی رپورٹ قابل قبول نہیں،کمشنر تو خود جواب دہ ہے، دریں اثنا جینے دو کراچی تاجر کنونشن میں اسمال ٹریڈرز کراچی کے صدر محمود حامدنے قرارداد پیش کی جسے متفقہ طور پر منظور کیا گیا قرا ر داد میں مطالبہ کیا گیا کہ آزادانہ عدالتی تحقیقات کرکے سزا دی جائے۔نقصانات کا فوری ازالہ، ہر تاجر کو 10کروڑ معاوضہ دیا جائے،2 سال میں نہیں 6 ماہ میں مارکیٹ بنائی جائے۔ 1200دکانوں کے ملازمین کے معاوضے کا بھی اعلان کیا جائے، زخمیوں کے علاج کے اخراجات حکومت برداشت کرے، الائنس آف آرام باغ ٹریڈرز کے چیئر مین آصف گلفام نے کہا کہ اب خاموش رہنے کا وقت نہیں رہا، ہمیں متحدہو کر اپنے کاروبار کے دفاع کے لیے نکلنا ہوگا، بولٹن مارکیٹ ٹریڈرز کے چیئر مین شریف میمن،لائٹ ہاؤس ٹریڈرز الائنس کے صدر حکیم شاہ ، اسمال ٹریڈرز کے رہنما محبوب اعظم، جماعت اسلامی کے سابق رکن سندھ اسمبلی یونس بارائی اور دیگر نے بھی خطاب کیا، تاجر رہنما ؤں نے جینے دو کراچی مار چ کی مکمل حمایت اور شرکت کی یقین دہانی کروائی۔