• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عوام کیلئے پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے، میر لیاقت لہڑی

کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر) پارلیمانی سیکرٹری برائے ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اولین ترجیح ہے کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ، عوام واسا کے بلز بروقت جمع کریں تاکہ محکمے کو بہتر انداز میں کام کرنے کا موقع مل سکے یہ بات انہوں نے جمعہ کو ایکسیئن فرید محمد شہی ، ایس ڈی او عارف اور آر او عمران رئیسانی سے بات چیت کرتے ہوئے کہی ، جنہوں نے گزشتہ روز ان سے ملاقات کی ، ملاقات میں حلقہ پی بی 43 میں پانی کی قلت ، ٹیوب ویلز کی خرابی اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی جیسے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ پارلیمانی سیکرٹری میر لیاقت لہڑی نے عوامی مشکلات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی کی فراہمی حکومت اور متعلقہ محکموں کی مشترکہ ذمہ داری ہے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ پانی اور ٹیوب ویلوں سے متعلق مسائل کو فوری طور پر حل کیا جائے اور اس ضمن میں عملی اقدامات کیے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ عوام بھی بروقت اپنے واجب الادا بلز جمع کرائیں تاکہ محکموں کو بہتر انداز میں کام کرنے کا موقع ملے اور عوامی مسائل کو مؤثر طریقے سے سنا اور حل کیا جا سکے۔
کوئٹہ سے مزید