کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما و پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ میر لیاقت لہڑی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی عوام کی بلاتعصب رنگ و نسل خدمت پر یقین رکھتی ہے عوام کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں علاقے کے معززین ، عوامی نمائندوں سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر میر لیاقت لہڑی نے عوام کے مسائل سنے اور اس عزم کا اظہار کیا کہ عوامی مسائل کا حل ان کی اولین ترجیح ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت عوامی خدمت پر پختہ یقین رکھتی ہے اور عوام کے مسائل کو مؤثر انداز میں متعلقہ ایوانوں اور فورمز تک پہنچاکر ان کے عملی اور پائیدار حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گی انہوں نے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایت کی کہ عوامی شکایات کا فوری نوٹس لیتے ہوئے گیس ، بجلی ، پانی اور سیوریج سے متعلق مسائل کے حل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو حقیقی معنوں میں ریلیف فراہم کیا جاسکے انہوں نے کہا کہ عوام کے مسائل کے حل میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔