کراچی(ٹی وی رپورٹ) جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے دفاعی ماہر بریگیڈیئر ریٹائرڈ راشد ولی کا کہنا تھا کہ 108دہشتگردوں کا جہنم واصل ہونا سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے، سول ملٹری لیڈرشپ دہشتگردوں کیخلاف یک زبان ہیں۔ تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کاآپریشن مکمل ہونے پر وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کی پریس کانفرنس پر گفتگو کرتے ہوئے بریگیڈیئر (ر) راشد ولی نے کہا کہ 48گھنٹوں میں 108دہشتگردوں کا جہنم واصل ہونا سیکورٹی فورسز کی بڑی کامیابی ہے لیکن یہ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ یہ ایک مشکل جنگ ہے ، دہشتگردوں نے مختلف علاقوں پر حملہ کیا ہے،ڈی سی نوشکی کی اطلاعات ہیں کہ انہیں بھی اغوا کیا گیا ،یہ دہشتگردوں کی دیدہ دلیری اور بھارتی خفیہ ایجنسی را کے نیٹ ورک کو بے نقاب کرتا ہے ۔اس وقت سول ملٹری لیڈرشپ دہشتگردوں کے خلاف یک زبان ہیں جبکہ وزیر اعلیٰ بلوچستان بھی دہشتگردوی کے خلاف کافی متحرک ہیں،اب وقت آگیا ہے کہ اس تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے دہشتگردی کا مکمل قلع قمع کیا جائے اور ان دہشتگردی کو دوبارہ سرٹھانے نہ دیا جائے۔