باڑہ(نمائندہ جنگ )باڑہ سیاسی اتحاد کا تیراہ متاثرین کے حوالے سے منعقدہ جرگے میں آئی ڈی پیز کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اعلان، جرگہ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوبائی اور وفاقی حکومتوں کارویہ غیر سنجیدہ اور افسوسناک ہے ، دونوں حکومتیں فوری طور پر مل بیٹھ کر متاثرین تیراہ کے تمام مسائل کا مستقل حل نکالیں، تیراہ میں فائرنگ، شیلنگ، گھروں پر مارٹر حملوں اور کواڈ کاپٹرز کا استعمال فوری طور پر بند کیا ، متاثرین تیراہ کی رجسٹریشن کے عمل میں سیاسی مداخلت، اقربا پروری، انتظامی نااہلی اور کرپشن کے الزامات عائد ، اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ غیر جانبدار تحقیقات کی جائیں اور ذمہ دار عناصر کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے، مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں سیاسی اتحاد باڑہ وفاقی حکومت، وزیراعلیٰ ہاؤس اور دیگر متعلقہ اداروں کے سامنے متاثرین کی 13ہزار سے گاڑیوں کے ہمراہ احتجاجی مارچ کرے گا۔ تفصیلات کے مطابق باڑہ سیاسی اتحاد کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں واضح کیا گیا ہے کہ تیراہ متاثرین کا مسئلہ کسی ایک علاقے یا قبیلے تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک اجتماعی قومی مسئلہ ہے، جس کے حل میں مزید تاخیر ناقابلِ قبول ہے۔باڑہ سیاسی اتحاد نے وادی تیراہ سے نقل مکانی کرنے والے تمام متاثرہ خاندانوں کے ساتھ مکمل یکجہتی، ہمدردی اور بھرپور حمایت کا اعلان کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ خیبر او اور سابقہ فوجی آپریشنز کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے متاثرین کو فوری اور باعزت طریقے سے بحال کیا جائے۔ اتحاد کے مطابق متاثرین گزشتہ کئی برسوں سے بے سروسامانی، عدم تحفظ اور شدید مشکلات کا سامنا کر رہے ہیں، حالانکہ انہوں نے ریاست کے ساتھ بھرپور تعاون، صبر اور قربانی کی مثالیں قائم کیں، مگر اس کے باوجود آج بھی انہیں بنیادی انسانی، آئینی اور قبائلی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔ اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وادی تیراہ میں فوری طور پر مکمل امن بحال کیا جائے اور مستقبل میں پائیدار امن کی واضح اور عملی ضمانت دی جائے۔اعلامیے میں وادی تیراہ میں فائرنگ، شیلنگ، گھروں پر مارٹر حملوں اور کواڈ کاپٹرز کے استعمال جیسے اقدامات کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، کیونکہ ان کارروائیوں سے عام شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیل رہا ہے۔