• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مارگوٹ روبی کے ہار نے تاج محل ہیرے پر بحث تازہ کردی

کراچی (رفیق مانگٹ) تاج محل کے نام سے معروف ایک نایاب اور تاریخی بھارتی ہیرا ایک بار پھر خبروں کی زینت بن گیا ہے، جب اداکارہ مارگوٹ روبی نے اپنی آنے والی فلم وتھرنگ ہائٹس کے پریمیئر پر اسے کارٹئیر کے تیار کردہ ہار کی صورت میں زیبِ تن کیا۔ مارگوٹ روبی کے ہار نے تاج محل ہیرے پر بحث تازہ کردی  ، بھارتی شہری کارٹئیر سے مطالبہ کررہے ہیں کہ تاریخی زیور بھارت واپس کیا جائے، برصغیر کے لوٹے گئے نوادرات پر سوالیہ نشان اٹھنے لگے۔ تفصیلات کے مطابق اس ہیرے کی نمائش نے نوآبادیاتی دور میں بھارت سے لے جائے گئے زیورات اور نوادرات کے استعمال پر ایک نئی بحث کو جنم دیا ہے۔ سوشل میڈیا اور عوامی حلقوں میں شدید تنقید سامنے آئی ہے، جہاں کئی افراد نے لگژری جیولری ہاؤس کارٹئیر سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ تاریخی زیور بھارت کو واپس کیا جائے۔تاریخی طور پر یہ ہیرا مغل شہنشاہ جہانگیر کی اہلیہ نور جہاں سے منسوب ہے۔ نور جہاں بعد میں شہنشاہ شاہ جہاں کی سوتیلی ماں بنیں، جنہوں نے محبت کی عظیم علامت تاج محل تعمیر کروایا۔ تاہم مارگوٹ روبی کو پریمیئر کے لیے یہ ہار ادھار دیا جانا عوامی سطح پر پسند نہیں کیا گیا۔اس ہیرے پر کندہ عبارت نور جہاں بیگمِ پادشاہ، 23، 1037 اس کی ملکیت اور تاریخ کی گواہی دیتی ہے۔ عدد 23 جہانگیر کے دورِ حکومت کے سالوں کی نشاندہی کرتا ہے، جبکہ 1037ہجری سال کے مطابق ہے، جو عیسوی حساب سے 1627بنتا ہے۔ تقریباً چار سو سال پرانا یہ زیور نوآبادیاتی دور میں دیگر مشہور جواہرات، جن میں کوہِ نور بھی شامل ہے، کے ساتھ بھارت سے باہر لے جایا گیا۔ بعد ازاں یہ کارٹئیر کے قبضے میں آیا، جہاں سے اداکار رچرڈ برٹن نے اسے خریدا اور اپنی اہلیہ، معروف اداکارہ الزبتھ ٹیلر کو تحفے میں دیا۔ الزبتھ ٹیلر کی وفات کے بعد 2011ء میں یہ ہیرا نیلام کر دیا گیا۔

اہم خبریں سے مزید