کراچی ( اسٹاف رپورٹر )وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کراچی کا دورہ کیا۔محسن نقوی نے سعودی عرب جانے والے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات چیک کیں۔ وزیرداخلہ نے کاونٹرز پر امیگریشن پراسیس کا جائزہ لیا اور بیرون ممالک جانے والے مسافروں سے امیگریشن پراسیس کے بارے میں پوچھا۔انہوں نے ایف آئی اے حکام سے بعض مسافروں کی سفری دستاویزات کی تصدیق کرائی۔وزیرداخلہ نے نامکمل دستاویزات کے حامل 3 مسافروں کو روکنے والے ایف آئی اے کے اے ایس آئی عامر لاشاری کی حوصلہ افزائی کی ۔انہوں نے کہا کہ نامکمل اور بغیر تصدیق شدہ دستاویزات کے حامل مسافروں کو کسی صورت سفر کی اجازت نہیں ہے ۔ مسافروں کی آڑ میں پیشہ ور بھکاریوں کو ہرگز سفر کی اجازت نہیں دی جا سکتی ۔ پاکستان کی عزت سب سے زیادہ عزیز ہے، کسی صورت حرف نہیں آنے دیں گے۔