کراچی ( جنگ نیوز)امریکی محکمۂ انصاف کی جانب سے بدنامِ زمانہ سرمایہ کار جیفری ایپس ٹین کیس سے متعلق لاکھوں صفحات، ای میلز اور حساس دستاویزات کے اجرا نے عالمی طاقت کے ایوانوں میں شدید ہلچل مچا دی ہے اور طاقت جنسیت اور خاموشی کے عالمی نیٹ ورک کی کئی پرتیں بے نقاب ہوگئی ہیں، جبکہ ابھی لاکھوں فائلیں باقی ہیں جنکا اجرا ابھی نہیں ہوا اور توقع ہے کہ ان کے اجرا سے مزید زلزلے آئیں گے۔ جاری ہونے والی فائلز سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایپس ٹین ایک ایسے مرکز کی حیثیت رکھتا تھا جس کے گرد امریکی صدورکلنٹن ، ڈونلڈ ٹرمپ، سابق اسرائیلی وزیراعظم ایہودباراک ، عالمی ارب پتی بل گیٹس اور ایلون مسک، شاہی شخصیات شہزادہ اینڈریواور پالیسی سازوں کا غیر رسمی مگر گہرا نیٹ ورک گردش کرتا رہا۔ دستاویزات میں سابق امریکی صدر بل کلنٹن کے نجی طیاروں کے سفر، ملاقاتوں اور ای میل رابطوں کے حوالے موجود ہیں، جبکہ ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ سماجی تقریبات اور میل جول کا ذکر بھی سامنے آیا ہے، تاہم ان پر کسی قانونی الزام کی تصدیق نہیں کی گئی۔ مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کے حوالے سے ای میلز میں ملاقاتوں کی منصوبہ بندی اور اثر و رسوخ رکھنے والی شخصیات سے تعارف کی گفتگو درج ہے، جس پر انہوں نے سخت تردید کی ہے۔