ریاض (شاہد نعیم) امریکہ نے سعودی عرب کو 9 ارب ڈالر مالیت کے پیٹریاٹ سسٹمز کی فروخت کی منظوری کا اعلان کر دیا ہے۔ امریکہ محکمہ دفاع پینٹاگان نے کل جمعہ کی شام ایک بیان میں کہا کہ سعودی عرب کو میزائلوں کی فروخت کے اس سودے سے ایک اہم اتحادی کی سکیورٹی مزید مستحکم ہوگی۔ یہ اعلان سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز کے دورہ واشنگٹن کے موقع پر سامنے آیا ہے۔ انہوں نے گذشتہ جمعرات کو وائٹ ہاؤس میں امریکی وزیر خارجہ اور نامزد قومی سلامتی کے مشیر مارکو روبیو، امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ اور مشرق وسطیٰ کے لیے خصوصی امریکی ایلچی سٹیو وٹکوف سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں دوست ممالک کے درمیان سٹریٹجک تعلقات، سعودیہ ۔ امریکہ شراکت داری کے افق اور اسے مضبوط بنانے کے طریقوں اور ترقی کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس کے علاوہ خطے اور دنیا میں امن کے قیام کی کوششوں پر بھی غور کیا گیا۔