کراچی (نیوز ڈیسک)غزہ میں جنگ بندی کی نئی خلاف ورزی، اسرائیلی حملوں میں بچوں سمیت 31 فلسطینی شہید،غزہ سٹی اور خان یونس پر فضائی حملے، بے گھر افراد کی پناہ گاہ کو نشانہ بنایا گیا،رفح کراسنگ کھولنے سے ایک روز قبل صہیونی کارروائیوں میں اضافہ، صورتحال مزید سنگین ،جنگ بندی کے بعد 500سے زائد فلسطینی شہیدہوچکے، اسرائیلی ڈرون حملے میں لبنان میں بھی شہری مارا گیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ پٹی میں اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں جمعہ کی صبح سے اب تک کم از کم 31فلسطینی شہید ہو گئے ہیں، جن میں کم از کم چھ بچے بھی شامل ہیں۔ طبی ذرائع کے مطابق یہ حملے غزہ سٹی اور جنوبی غزہ کے شہر خان یونس میں کیے گئے، جہاں شدید بمباری کے باعث متعدد علاقوں میں آگ اور دھواں اٹھتا دیکھا گیا۔خان یونس کے مغربی علاقے میں قائم گاتھ شیلٹر، جہاں بے گھر فلسطینیوں نے پناہ لے رکھی تھی، اسرائیلی فضائی حملے کا نشانہ بنا۔ اس حملے کے بعد جائے وقوعہ پر شدید تباہی دیکھی گئی اور کئی افراد زخمی بھی ہوئے۔یہ تازہ تشدد ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب اسرائیل اتوار کے روز رفح کراسنگ دوبارہ کھولنے والا ہے، جو مئی 2024 کے بعد پہلی بار غزہ اور مصر کے درمیان کھولی جا رہی ہے۔ مبصرین کے مطابق کراسنگ کی بحالی سے ایک روز قبل حملوں میں اضافے نے صورتحال کو مزید سنگین بنا دیا ہے۔غزہ کے گورنمنٹ میڈیا آفس کے مطابق 10 اکتوبر کو امریکہ کی ثالثی میں ہونے والی جنگ بندی کے نافذ ہونے کے بعد سے اب تک اسرائیلی فورسز کے حملوں میں 500 سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں۔میڈیا آفس کا کہنا ہے کہ اکتوبر 2023 میں شروع ہونے والی اسرائیلی جنگ کے بعد سے اب تک غزہ میں کم از کم 71 ہزار 769 فلسطینی شہید اور 1 لاکھ 71 ہزار 483 زخمی ہو چکے ہیں۔