• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرا لیاری فلم علاقے کا مثبت چہرہ اجاگر کریگی، شرجیل میمن

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر اورصوبائی وزیراطلاعات شرجیل انعام میمن نے کہا ہےکہ میرا لیاری فلم علاقے کا مثبت چہرہ اجاگر کریگی۔ ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کے فروغ کے لئے صوبائی حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور آئندہ فلم فیسٹیولز میں معیاری اسکرپٹس کی صورت میں اخراجات بھی فراہم کئے جائیں گے۔میرا لیاری" فلم کا تذکرہ کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس فلم میں لیاری کے اصل چہرے کو اجاگر کیا گیا ہے اور اس کی ریلیز کا فیصلہ متعلقہ بورڈ کرے گا۔کراچی میں سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کراچی فلم اسکول کورنگی کاز کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے طلبا کی تیار کردہ فلموں کی اسکریننگ دیکھی اور ابھرتے ہوئے فلم سازوں سے تفصیلی گفتگو کی۔اس موقع پر فلم سازی سے وابستہ طلبا و طالبات نے اپنے تخلیقی منصوبوں سے متعلق آگاہ کیا، جس پر صوبائی وزیر نے ان کی کاوشوں کو سراہا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے بتایا کہ وہ دوسری مرتبہ کراچی فلم اسکول آئے ہیں اور یہ پاکستان کا واحد ادارہ ہے جو فلم سازی میں ایک سالہ ڈپلومہ فراہم کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ادارے کا مقصد نوجوانوں کو ایسا مضبوط پلیٹ فارم دینا ہے جہاں وہ فلم اور ڈرامے کے ذریعے اپنا کیریئر بنا سکیں اور دنیا تک مثبت پیغام پہنچائیں۔انہوں نے پاکستان کی فلم انڈسٹری کو درپیش مشکلات پر بھی بات کی اور سینما گھروں کے خاتمے اور معیاری مواد کی کمی پر افسوس کا اظہار کیا۔ ان کے مطابق ماضی میں تقریبا ہر شہر میں سینما موجود ہوتے تھے، مگر وقت کے ساتھ یہ پلازوں میں تبدیل ہو گئے، جس سے ناظرین کے لئے تفریح کے مواقع محدود ہوئے۔
اہم خبریں سے مزید