کراچی(جنگ نیوز)آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی کی سندھ کمیٹی کا اجلاس چیئرمین جاوید مہر شمسی کی صدارت میں منعقد ہوا۔اجلاس میں اراکین نے اخبارات کے دیرینہ مسائل پر محکمہ اطلاعات سندھ کی عدم توجہی پر شدید تشویش کا اظہار کیا اور فیصلہ کیا کہ سندھ کے اخبارات وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کریں گے جس میں ان سے پرزور مطالبہ کیا جائے گا کہ سندھ کے اخبارات کی بقاء کیلئے فوری اور موئثر اقدامات کیئے جائیں۔اراکین نے اس امر پر تشویش کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے اخبارات و جرائد کو اشتہارات کا اجراء طے شدہ حجم کے برعکس کم ترین سطح پر آگیا ہے جبکہ اشتہارات کے اجراء میں اے پی این ایس رکن مطبوعات کو یکسر نظر انداز کیا جارہا ہے۔ اجلاس نے مطالبہ کیا کہ پرنٹ میڈیا کیلئے اشتہارات کا حجم بڑھایا جائے تاکہ وہ اپنی اشاعت برقرار رکھ سکیں۔ کمیٹی کے اراکین نے نان بجٹڈ اشتہارات کی ادائیگی کے نظام کو مسترد کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پرانا نظام بحال کیا جائے اور حسب سابق ان اشتہارات کی ادائیگی ماہانہ بنیاد پر محکمہ اطلاعات سندھ کی طرف سے کی جائے۔ اجلاس نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ محکمہ اطلاعات سند ھ کی طرف سے واجبات کی ادائیگی میں تاخیر سے پرنٹ میڈیا شدید بحران کا شکار ہے۔اجلاس نے مطالبہ کیا کہ واجبات کی ادائیگی جلد از جلد کی جائے۔اراکین نے پی -آئی-ڈی کی طرف سے سندھ کے اخبارات کو نظر انداز کرنے اور بروقت ادائیگی میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا اور مطالبہ کیا کہ پی-آئی-ڈی کے جاری کردہ اشتہارات کی جلد ادائیگی ممکن بنائی جائے۔اجلاس میں مندرجہ ذیل اراکین نے شرکت فرمائی: جاوید مہر شمسی چیئرمین، یونس مہر نائب چیئرمین(روزنامہ ہلچل)، ممتاز علی پھلپوٹو (روزنامہ عوامی پرچار)، نجم الدین شیخ (روزنامہ دیانت)، شبیر حسین (روزنامہ عبرت)، اقبال حسین تنیو(روزنامہ جنگ)، زاہدہ عباسی (روزنامہ نوسج)، رفیق احمد پیر زادہ (روزنامہ پاک سندھ) اور شاہد ساٹی (روزنامہ وطن گجراتی)۔